پاکستان میں پولیو کے شکار بچوں کے لیے شاہ عبداللہ کی خصوصی امداد
تعاون عالمی ادارہ صحت کی اپیل کے جواب میں پیش کیا گیا
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز آل سعود نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تعاون کے لیے پیش کردہ اپیل کے جواب میں پاکستان کے اندر پولیو سے معذور بچوں کی خصوصی امدادی مہم میں بھرپور شمولیت کی ہدایت کی ہے۔
سعودی وزیر صحت ڈاکٹرعبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے سلطنت عمان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پولیو سے معذور ہونے والے بچوں کی خصوصی امدادی مہم کے لیے شاہ عبداللہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ تعاون کے لیے یہ درخواست عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سعودی عرب اور کئی دوسرے ممالک سے کی گئی تھی۔
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ان کی حکومت مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں بھی پولیو سے معذور ہونے والے افراد کی امداد اور علاج کے لیے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے۔ پاکستان میں اس اس مرض پر قابو پانے کے لیے نقد رقوم کی شکل میں امداد کے ساتھ ساتھ الحرمین الشریفین کے آئمہ کے ذریعے بھی اپیل کرائی جائے گی۔
ادھر مشرق وسطیٰ ریجن کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر علاء علوان نے اپنے ایک بیان میں شاہ عبداللہ کی جانب سے خطے میں پولیو سے معذور بچوں کے لیے خصوصی امداد کی ہدایات جاری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے خطے میں بھی پولیو کی بیماری عام ہے اور عالمی ادارہ صحت اس پر قابو پانے کے لیے سر توڑ مساعی جاری رکھے ہوئے ہے۔ پولیو کی روک تھام کے لیے امداد کی فراہمی تمام مسلمان ملکوں کی ذمہ داری ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے پہل ایک اچھی مثال ہے مگر اسے کوئی انوکھا اقدام نہیں قرار دے سکتے۔
ڈاکٹر علاء علوان نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ملنے والی امداد سے پاکستان میں پولیو کے مریض بچوں کی صحت کی بحالی میں مدد ملنے کے ساتھ اس بیماری کے خاتمے کے لیے ہمارے پروگرام کو آگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس امداد سے پولیو کے باعث زندگی اور موت کے کشمکش میں متبلا بچوں کی زندگیاں بچانے میں بھی مدد ملے گی۔