مصر: سیناء میں جنگجوؤًں کے ساتھ لڑائی میں 2 فوجی ہلاک
فوجیوں کی انصار بیت المقدس کے انتہائی مطلوب جنگجوؤں کے خلاف کارروائی
مصر کے غزہ کی پٹی اور اسرائیل کی سرحد کے ساتھ واقع جزیرہ نما علاقے شمالی سیناء میں فوجیوں اور القاعدہ سے متاثر جنگجو گروپ کے درمیان جھڑپوں میں دوفوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔
مصر کے ایک سکیورٹی عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی کی سرحد کے نزدیک واقع گاؤں المہدیہ میں القاعدہ سے متاثر گروپ انصار بیت المقدس اور فوجیوں کے درمیان جمعہ کو لڑائی شروع ہوئی تھی۔
فوجی بکتربند گاڑیوں کے ساتھ انتہائی مطلوب تین جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ ان میں سیناء میں سکیورٹی فورسز پر حالیہ حملوں کا ماسٹر مائنڈ شادی المناعی بھی شامل ہے۔
انصار بیت المقدس اور سیناء میں برسرپیکار دوسرے جنگجو گروپوں پر 3جولائی کو منتخب جمہوری صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد مصری سکیورٹی فورسز پر حالیہ حملوں کے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔ان حملوں میں ایک سو سے زیادہ سکیورٹی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔