شام:خراسان گروپ کے لیڈر کی ہلاکت کی اطلاع
امریکا میں قائم سائٹ مانیٹرنگ گروپ نے شام میں القاعدہ سے وابستہ خراسان گروپ کے لیڈر کی ایک فضائی حملے میں ہلاکت کی اطلاع دی ہے اور اس نے یہ اطلاع ایک جنگجو کے ٹویٹر پر جاری کردہ ایک تعزیتی پیغام سے اخذ کی ہے۔
خراسان گروپ کے لیڈر محسن الفاضلی گذشتہ ہفتے شام میں امریکا کے فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ان کی موت کے بعد ٹویٹر پر القاعدہ کے جنگجوؤں کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی بیانات سے ان کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
جہادیوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے سائٹ گروپ کے مطابق القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جہادیوں نے خراسان گروپ کے ایک اور لیڈر ابو یوسف الترکی کی موت پر بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے یہ پیغامات 27 ستمبر کو جاری کیے تھے اور ان میں شام کی زمینی صورت حال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے جنگی طیارے شام میں دولت اسلامی (داعش) اور چند روز قبل تک غیر معروف تنظیم خراسان گروپ کے جنگجوؤں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنا رہے ہیں۔گذشتہ ہفتے شام میں امریکا کے فضائی حملوں کے آغاز کے بعد ہی خراسان گروپ کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔