حوثیوں پر بمباری کے بعد صنعا دھماکوں سے لرز اٹھا

یمن کے شمالی اور جنوبی صوبوں میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر نئے فضائی حملے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک فوجی کیمپ اور کمپاؤنڈ پر بمباری کی ہے جس کے بعد پورا علاقہ دھماکوں سے لرز اٹھا ہے۔

اتحادی طیاروں نے صنعا کے شمالی علاقے میں بدھ کی صبح حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ فرسٹ آرمرڈ بریگیڈ کے کیمپ اور اس کے نزدیک واقع ایک کمپاؤنڈ پر حملے کیے ہیں جس کے بعد علاقے سے دھویں کے بادل اٹھنا شروع ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق ان دونوں جگہوں کو حوثی باغی گذشتہ سال ستمبر میں صنعا پر قبضے کے بعد سے اسلحہ ڈپوؤں کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔طبی ذرائع نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ان حملوں اور ان کے بعد بم دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہوگئے ہیں۔

اتحادی طیاروں نے صنعا کے شمال میں واقع حمدان میں بھی ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور ان کے اسلحہ ڈپوؤں پر بمباری کی ہے۔اس کے علاوہ شہر کے وسط میں واقع حوثی ملیشیا کی ملٹری پولیس کے کیمپ اور ایک اور فوجی مرکز کو بھی فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے شمالی صوبوں الجوف ،صعدہ اور حجہ میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔یہ تمام علاقے سعودی عرب کی سرحد کے ساتھ واقع ہیں۔یمن کے تیسرے بڑے شہر تعز اور جنوبی صوبے الضالع میں بھی حوثی باغیوں اور ان کے اتحادی سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز کے ٹھکانوں پر نئے حملے کیے گئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں