کانگریس نے ایران ڈیل مسترد کردی تو سُبکی ہوگی: جان کیری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

امریکا کے وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اگر کانگریس نے ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے کو مسترد کردیا تو یہ ان کے لیے سُبکی ہوگی اور اس سے عالمی منظرنامے میں امریکی ساکھ کو بھی دھچکا لگے گا۔

وہ نیویارک میں جمعہ کے روز خارجہ تعلقات کونسل میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق منعقدہ مباحثے میں گفتگو کر رہے تھے۔انھوں نے کہا کہ ''کیا آپ یہ خیال کرتے ہیں کہ اگر کانگریس اس معاہدے کو مسترد کردیتی ہے تو آیت اللہ صاحب دوبارہ مذاکرات کی میز پر آئیں گے اور ایک مرتبہ پھر بات چیت کریں گے''۔

جان کیری ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق امریکیوں اور اپنے اتحادیوں کے شکوک وشبہات کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ حزب اختلاف ری پبلکن پارٹی کی اکثریت کی حامل امریکی کانگریس کو آیندہ ساٹھ روز میں اس معاہدے کو منظور یا رد کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنا ہے۔

کانگریس اس معاہدے کو مسترد کرنے کے لیے قرارداد منظور کرسکتی ہے لیکن امریکی صدر براک اوباما اس کو ویٹو کرسکتے ہیں۔اس ویٹو کو ختم کرنے کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں ،ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں قرارداد کی دو تہائی اکثریت سے منظوری ضروری ہوگی۔

جان کیری کا کہنا ہے کہ ''اب دنیا کو کانگریس کے پانچ سو پینتیس ارکان سے مذاکرات کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے کہ آئیے اب اس معاہدے کو منظور کرانے کے لیے مل بیٹھیں اور یہ تمام ارکان سیکریٹری آف اسٹیٹ بن جائیں۔ اس لیے میں واحد سیکریٹری آف اسٹیٹ کی حیثیت سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آئیے ہمارے ساتھ بات کیجیے اور اس معاہدے کی منظوری دیجیے۔دوسری صورت میں مجھے سُبکی کا سامنا کرنا پڑے گا''۔

جان کیری کو جمعرات کے روز کیپٹول ہل (واشنگٹن ) میں سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران ری پبلکن ارکان کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انھوں نے یہ کہنے سے بھی گریز نہیں کیا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ تہران کے دھوکے میں آگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور یورپی یونین نے گذشتہ سوموار کو ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان اسی ماہ طے پائے جوہری معاہدے کی توثیق کردی تھی جس کے بعد ایران پرعاید اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی پابندیوں کے خاتمے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔تاہم امریکی کانگریس میں اس معاہدے کی توثیق کے بعد ہی ایران پر عاید امریکا کی پابندیوں کا خاتمہ ہوسکے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں