یمن سے حوثیوں کی سعودی علاقے پر گولہ باری ،تین فوجی شہید
یمن سے حوثی باغیوں کی سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں جمعہ کے روز گولہ باری سے تین فوجی شہید اور سات سرحدی محافظ زخمی ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سرحدی علاقے عسیر میں واقع گورنری ظہران الجنوب میں یمن کی جانب سے گولہ باری کی گئی ہے۔
تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ گولہ باری یمن کے کس گروہ نہیں ہے لیکن یمن کے شمالی علاقوں میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغی اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار جنگجو موجود ہیں اور وہ ماضی میں بیسیوں مرتبہ سعودی عرب کے سرحدی علاقوں کی جانب گولہ باری کرچکے ہیں۔
قبل ازیں حوثیوں کے زیر انتظام چلنے والی یمن کی سابق سرکاری خبررساں ایجنسی سبا نے اطلاع دی تھی کہ حوثی باغیوں نے عسیر سمیت سعودی عرب کے مختلف سرحدی علاقوں پر راکٹ حملے کیے ہیں۔
ایس پی اے کا سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ زمینی افواج نے اس گولہ باری کا جواب دیا ہے اور انھوں نے یمنی علاقے میں میزائل لانچروں کو تباہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف مارچ سے فضائی حملے کررہا ہے۔ان حملوں کے آغاز کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان سرحد پر حوثی باغیوں اور سعودی فورسز میں متعدد مرتبہ جھڑپیں ہوچکی ہیں۔