ترکی :پولیس کارروائیوں میں داعش کے 30 ارکان گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

ترکی میں پولیس نے منگل کو علی الصباح مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران دولتِ اسلامیہ عراق وشام (داعش) سےوابستہ کم سے کم تیس مشتبہ جنگجوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترکی کی دوغان نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے وسطی شہر قونیہ میں داعش سےوابستہ گروہ کے مکانوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی ہیں اور وہیں سے مشتبہ جنگجوؤں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔اس علاقے میں مزید مشتبہ جنگجوؤں کی تلاش میں ابھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے سوموار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ داعش اور کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے ) سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ترک پولیس نے جنوب مشرقی شہر دیار بکر میں سوموار کو علی الصباح دس سے زیادہ مکانوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی تھیں جن کے دوران داعش سے وابستہ جنگجوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار اور سات جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔

اکثریتی شہر دیار بکر کے علاقے کیاپینار میں داعش سے وابستہ جنگجوؤں اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹے تک جھڑپیں ہوئی تھیں۔ترک حکام نے انقرہ میں 10 اکتوبر کو دو خودکش بم دھماکوں کے بعد داعش کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ان بم دھماکوں میں ایک سو دو افراد ہلاک اور پانچ سو سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔ترکی کی جدید تاریخ میں یہ سب سے تباہ کن بم دھماکے تھے۔

ترک صدر نے داعش کے علاوہ شامی انٹیلی جنس اور کرد باغیوں کو دہشت گردی کے اس حملے میں ملوّث قرار دیا تھا۔انھوں نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں ،شامی خفیہ پولیس ''مخابرات'' اور شامی کرد ملیشیا پی وائی ڈی نے داعش کے ساتھ مل کر ان بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

ترکی امریکا کی قیادت میں داعش مخالف فوجی اتحاد میں شامل ہے اور ماضی میں ترکی کو شام کے ساتھ واقع سرحدی علاقے سے لوگوں کے آرپار جانے کی اجازت دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔واضح رہے کہ غیرملکی جنگجو ترکی کے سرحدی علاقے سے ہی شام میں داخل ہوتے رہے تھے لیکن جولائی میں سرحدی قصبے سوروچ میں بم دھماکے کے بعد ترکی نے سکیورٹی سخت کردی ہے اور شام کے شمالی علاقے میں داعش اور شمالی عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں