نائیجیریا: مسجد میں بم دھماکا، 20 افراد ہلاک ،90 زخمی
نائیجیریا کے شمالی شہر میدغری میں ایک مسجد میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم بیس افراد ہلاک اور نوّے زخمی ہوگئے ہیں۔
فوری طور پر کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس کا انداز سخت گیر جنگجو گروپ بوکو حرام کے مسجد پر حملے میں ملوث ہونے کی نشان دہی کرتا ہے۔نائیجیریا کے اس شورش زدہ علاقے میں بوکو حرام کی مسلح کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اکیس لاکھ کے لگ بھگ بے گھر ہوچکے ہیں۔
یہ بم دھماکا میدغری کے مغربی علاقے میں ہوا ہے۔اسی علاقے میں اتوار کو نائیجیریا کی فوج اور بوکو حرام کے جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔فوج کا کہنا ہے کہ بوکو حرام کے جنگجوؤں نے شہر میں داخل ہوکر خودکش بم حملے کرنے کی کوشش کی تھی۔اس کے بعد دھماکوں اور شدید فائرنگ کی اطلاع سامنے آئی تھی۔
علاقے کے ایک مکین موسیٰ عبدالقادر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ اس نے میدغری کے اسپتال میں پچاس سے زیادہ لاشیں دیکھی ہیں۔ان میں آج مسجد میں بم دھماکے میں مرنے والے اور کل فائرنگ کے تبادلے اور بم دھماکوں میں ہونے والی ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔
گذشتہ روز میدغری میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوگئے تھے یا ان میں آگ لگ گئی تھی اور ان کے مکین محفوظ مقامات کی جانب چلے گئے تھے۔واضح رہے کہ نائیجیریا کی ریاست بورنو میں فوج اس سال کے اوائل میں بوکو حرام کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔اس کے بعد سے اب یہ شدت پسند تنظیم آسان اہداف مساجد ،اسکولوں اور عوامی مقامات کو اپنے حملوں میں نشانہ بنا رہی ہے۔