حماس نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی دھڑوں نے غزہ کی پٹی کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیش کردہ منصوبہ بندی کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کے لیے اپنے متفقہ روڈ میپ کا جواب دے دیا ہے۔ یہ پیش رفت قاہرہ میں ثالث کاروں کے ساتھ ہونے والی تفصیلی مشاورت اور ملاقاتوں کے بعد سامنے آئی ہے۔
حماس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ جواب گذشتہ ہفتے کے دوران فلسطینی دھڑوں کے نمائندوں اور مصر، قطر اور ترکیہ کے ثالث کاروں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے سلسلے کے بعد ہفتے کے روز پیش کیا گیا ہے۔ ان ملاقاتوں کے نتیجے میں پیش کردہ تجاویز پر ایک متفقہ فلسطینی موقف تشکیل پایا ہے۔
حماس نے مزید کہا کہ دھڑوں نے روڈ میپ کے ساتھ ذمہ داری اور مثبت رویے کا اظہار کیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ منصوبے کے پہلے مرحلے پر اس کی تمام شقوں کے مطابق عمل درآمد کیا جائے بالخصوص انسانی بنیادوں پر کیے جانے والے انتظامات اور غزہ کی پٹی پر ہر قسم کی جارحیت کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔
حماس کے بیان کے مطابق فلسطینی دھڑوں نے روڈ میپ میں درج ان نکات پر عمل درآمد پر زور دیا ہے جن میں انتظامی کمیٹی کا غزہ میں داخلہ، پٹی سے مکمل اسرائیلی انخلا اور تعمیر نو کے عمل کا آغاز شامل ہے۔
حماس نے واضح کیا کہ اس کا وفد آنے والے دنوں میں قاہرہ میں ثالث کاروں اور فلسطینی دھڑوں کے ساتھ ملاقاتیں جاری رکھے گا تاکہ طے پانے والی مفاہمتوں پر عمل درآمد کے حوالے سے بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام یا اس اقدام کے سرپرستوں کی جانب سے حماس کے اس اعلان پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
یہ پیش رفت غزہ میں اکتوبر 2025ء سے نافذ جنگ بندی کے معاہدے کو مستحکم کرنے اور دوسرے مرحلے کے انتظامات پر عمل درآمد کی کوششوں کے تناظر میں ہوئی ہے جن میں امدادی سرگرمیاں، تعمیر نو اور پٹی کا انتظامی امور شامل ہیں۔ متعلقہ فریقین کے درمیان حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے رابطے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سرپرستی میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے میں اسرائیلی افواج کا اس خط تک انخلا شامل تھا جسے یلو لائن کہا جاتا ہے جس نے اسرائیل کو تباہ حال فلسطینی علاقے کے تقریباً 53 فیصد رقبے پر کنٹرول دے دیا تھا۔
تاہم اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے گذشتہ ماہ مئی 2026ء کے آخر میں اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کو غزہ پر اپنے کنٹرول کو 70 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
-
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی طرف سے غزہ میں 25 ہزار فوڈ پیکٹس کی تقسیم مکمل
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مرکزی کچن نے غزہ کی پٹی میں خوراک کی تقسیم کا سلسلہ جاری ...
بين الاقوامى -
دو ریاستی حل کے امکانات معدوم، اسرائیل، فلسطینی سول سوسائٹی کی فرانس میں ملاقات
فرانس کا مقصد ایران جنگ کے دوران دو ریاستی حل کا ایجنڈا برقرار رکھنا ہے
مشرق وسطی -
فلسطینی فیڈریشن کے صدر کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دیا گیا
امریکہ کے ساتھ کینیڈا کا ویزا بھی نہیں ملا، اس وقت میکسیکو میں ہوں: جبریل الرحوب
مشرق وسطی