یورپی یونین کی ترکی کی تعریف، اوگلو کا ویزے کے مسئلے پر زور
یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ ترکی پناہ گزینوں کے ساتھ معاملہ کرنے کے حوالے سے "بہترین مثال" ہے۔ ترکی کے جنوب مشرقی شہر غازی عنتاب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں پناہ گزینوں کے ساتھ کیسا معاملہ کرنا چاہیے، اس سلسلے میں ترکی پوری دنیا کے لیے بہترین مثال ہے"۔
واضح رہے کہ غیرسرکاری بین الاقوامی تنظیموں کا جن میں ایمنسٹی انٹرنیشنل شامل ہے یہ خیال ہے کہ ترکی کو پناہ گزینوں کے لیے ایک محفوظ ملک شمار نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو کا کہنا ہے کہ مہاجرین کے حوالے سے انقرہ حکومت اور یورپی یونین کے درمیان معاہدے کے تحت ترکی کے شہریوں کو یورپ میں داخل ہونے کے لیے ویزے سے مستثنی کرنا انتہائی اہمیت کا حامل اور لازمی امر ہے۔
اوگلو نے یہ بات جرمن چانسلر انجلا مرکل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ مرکل نے علاقے میں شامی پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا تھا، اس دوران یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک اور یورپی کمیشن کے نائب صدر فرینز ٹمرمنز بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اوگلو کے مطابق "مہاجرین کی واپسی کا معاہدہ یورپ میں ترکوں کے داخلے پر پابندیوں میں تخفیف کا مرہون منت ہے"۔