.

سعودی شاہ سلمان کا یو اے ای میں شاندار خیر مقدم پر کیا ردعمل رہا؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا چار خلیجی ملکوں کے دورے کے پہلے مرحلے میں ابو ظبی پہنچنے پر شاندار خیر مقدم کیا گیا۔ان کے اعزاز میں اماراتی دارالحکومت میں زاید ورثہ میلہ ( ہیرٹیج فیسٹیول) میں اتوار کو ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی۔

اس خیرمقدمی تقریب میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ،وزیراعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم ،ابو ظبی کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر جنرل شیخ محمد بن زاید آل نہیان سمیت اعلیٰ اماراتی عہدے دار موجود تھے۔ وہ سعودی فرمانروا کے دائیں اور بائیں بیٹھے ہوئے تھے۔اس دوران جب خوبصورت عربی دھن پر نغمے گائے جارہے تھے تو شاہ سلمان بے ساختہ انداز میں ہاتھ ہلا ہلا کر ان کا جواب دے رہے تھے۔

شاہ سلمان ابو ظبی کے بعد قطری دارالحکومت دوحہ کے دورے پر روانہ ہونے والے تھے۔وہاں سے وہ منامہ جائیں گے جہاں وہ خلیج تعاون کونسل کے سینتیسویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔

جی سی سی کے سربراہ اجلاس کے ایجنڈے میں علاقائی سلامتی ،دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ ،خطے کو درپیش ممکنہ چیلنجز کا مقابلہ اور خلیجی ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے ایسے موضوعات سرفہرست ہیں۔جی سی سی کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد شاہ سلمان کویت کا تین روزہ دورہ کریں گے۔