الجزائری فن کار کے گیت میں فیس بک اور زکربرگ پر کڑی نکتہ چینی
الجزائر کے فن کار محمد المازونی نے اپنے ایک نئے گانے میں سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک اور اس کے بانی مارک زکربرگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ المازونی نے ویب سائٹ اور اس کے بانی کو الجزائری خاندانوں میں تفریق اور والدین اور اولاد کے درمیان خلیج وسیع کرنے کے علاوہ نوجوان نسل میں اخلاقی بدعنوانی پھیلانے اور ان کا وقت ضایع کرنے کا مورود الزام ٹھہرایا ہے۔
گانے کی وڈیو میں ایک الجزائری خاندان کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کا سارا وقت "فیس بک" نے لے لیا یہاں تک کہ گھر کے اندر باہمی تعلقات برباد ہو گئے اور اس کے نتیجے میں اولاد والدین سے دور ہو گئی۔
المازونی نے "فیس بک" کو ایسا سائبر ہتھیار کے مترادف قرار دیا جس نے تمام تر انسانی اور سماجی تعلقات کو تباہ کر ڈالا اور آج کے نوجوان میں جہل اور ذہنی پس ماندگی کو مزید گہرا کر دیا۔
المازونی کے اس نئے گانے کو الجزائر میں عوام بالخصوص سوشل میڈیا پر سرگرم حلقوں کی جانب سے بڑی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ ناظرین نے اسے ایک با مقصد پیغام قرار دیا ہے جس میں الجزائری خاندان کی صحیح تصویر پیش کی گئی ہے۔ گزشتہ 3 روز کے دوران اس گانے کو 8 ہزار مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ المازونی الجزائر کے مشہور گلوکار ہیں جن کو اندرون اور بیرون ملک بڑی مقبولیت حاصل ہے۔ وہ اپنے ملی نغموں کے سبب خصوصی طور پر جانے جاتے ہیں۔