.

تیونس : چیک پوائنٹ پر حملہ، ایک پولیس اہلکار اور دو مشتبہ جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

تیونس کے جنوبی علاقے میں ایک چیک پوائنٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

تیونس کی وزارت داخلہ نے اتوار کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ دارالحکومت تیونس سے 480 کلومیٹر جنوب میں واقع علاقے قبائلی کے نزدیک مشتبہ جنگجوؤں نے علی الصباح ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کیا تھا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو مشتبہ جنگجو ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا ہے۔

وزارت داخلہ نے مزید بتایا ہے کہ چار مسلح حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے اور ان میں سے ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ان کے موٹر سائیکلوں سے گھریلو ساختہ دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ تیونس میں 2011ء کے انقلاب کے بعد مشتبہ جنگجوؤں نے دسیوں حملے کیے ہیں اور ان میں 59 غیر ملکیوں سمیت بیسیوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ان میں سکیورٹی فورسز کے متعدد اہلکار بھی شامل ہیں۔

شمالی افریقا میں واقع اس ملک میں نومبر 2015ء کے بعد سے ہنگامی حالت نافذ ہے۔ تب دارالحکومت تیونس میں ایک خودکش بم دھماکے میں بارہ صدارتی محافظ ہلاک ہوگئے تھے۔ سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔