سعودی شاہ سے جیمز میٹس کا دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے سعودی دارالحکومت الریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے ،دفاعی شعبے میں تعاون اور تازہ علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز الیمامہ محل میں ہونے والی اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر عادل الجبیر ، وزیر اطلاعات ڈاکٹر عادل بن زید الطریفی اور وزیر مملکت ڈاکٹر مسعد بن محمد العبین بھی موجود تھے۔
شاہ سلمان سے ملاقات میں امریکی وزیر دفاع کے ساتھ الریاض میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور کرسٹوفر ہینزل ،قومی سلامتی کی نائب مشیر ڈینا پاول ، سینیر مشیر سیلی ڈونیلی اور سینیر فوجی معاون رئیر ایڈمرل کریگ ایس فالر بھی شریک تھے۔
جیمز میٹس سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر منگل کو الریاض پہنچے تھے۔ وہ خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں اور بدھ کو وہ مصر جائیں گے۔اس کے بعد وہ قطر ،اسرائیل اور جیبوتی کا بھی دورہ کریں گے۔