مزارِ شریف: افغان فوجی کی فائرنگ سے تین امریکی فوجی زخمی
افغانستان کے شمالی شہر مزار ِشریف کے نزدیک واقع ایک اڈے پر ایک افغان فوجی نے امریکی فوجیوں پر فائرنگ کردی ہے جس سے تین فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
فائرنگ کا یہ واقعہ ہفتے کے روز مزارِشریف کے نزدیک واقع کیمپ شاہین میں پیش آیا ہے۔افغان وزارت دفاع کے ترجمان محمد ردمنیش نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ اس فو جی کیمپ پر آنے والے تین امریکی فوجی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں اور حملہ آور افغان فوجی کو ہلاک کردیا گیا ہے۔امریکا کی قیادت میں نیٹو فورس نے ایک بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ فائرنگ سے ایک افغان فوجی بھی زخمی ہوا ہے۔
افغان فوجیوں کے امریکی یا نیٹو فوجیوں پر اس طرح کے حملے کو ’’ سبز کا نیلے‘‘ پر حملہ کا نام دیا جاتا ہے۔اس طرح کے حملے افغانستان میں نیٹو اتحاد کی فوج کی گذشتہ سولہ سال سے موجودگی کے دوران میں ایک بڑا مسئلہ رہے ہیں۔
مغربی عہدہ داروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے زیادہ تر داخلی حملے یا تو ذاتی عداوت کا نتیجہ ہوتے ہیں یا پھر ثقافتی غلطی فہمیوں کی بنا پر کیے جاتے رہے ہیں اور بہت کم حملوں کا مزاحمت کاروں کی کسی سازش سے تعلق ہوتا تھا۔