یمن میں ایرانی قدم نہیں جمنے دیں گے: بن دغر
یمنی وزیر اعظم احمد بن دغر نے عہد کیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں ایران کو قدم جمانے نہیں دیں گے۔
احمد بن دغر نے اس عزم کا اظہار گذشتہ روز عرب اتحاد میں شامل سعودی عرب کی مسلح فوج کے کمانڈر بریگیڈئر سلطان بن اسلام اور مملکت کے دوسرے اعلی عہدیداران سے یمن کے عبوری صدر مقام عدن میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔
بن دغر کے بقول ہم ایران کو یمن سمیت عرب خطے میں اپنا وجود برقرار رکھنے کے لئے تباہ کن منصوبے روبعمل لانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے یمنی وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے یمنی عوام کو عرب اتحاد کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
یمنی حکومت کے سربراہ نے بتایا کہ سعودی عرب کی قیادت میں فیصلہ کن طوفان نے طاقت کا توازن تبدیل کر دیا ہے۔ اس سے ایران کا یمن کو کنڑول کرنے کے لئے شروع کردہ توسیعی منصوبہ ناکام ہو گیا ہے۔ نیز عرب خطے، ہمسایہ ممالک کی سلامتی سمیت علاقائی اور بین الاقوامی سمندری جہاز رانی کو لاحق خطرات بھی معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
یمنی چیف ایگزیکٹیو نے سعودی فورسز کے کمانڈر کے ساتھ معزول صدر علی عبداللہ صالح اور حوثی باغیوں سے واگزار کرائے جانے والے علاقوں میں سلامتی اور عسکری امور سے متعلق پہلووں پر بات کی تاکہ ان سے آزاد کرائے جانے والے علاقے میں قیام امن اور سرگرم ملیشیاوں کو کنڑول کرنے کے طریقے معلوم کئے جا سکیں۔