روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم کا دائرہ مسلسل بڑھ رہا ہے: گوٹیریس
مزید اڑھائی لاکھ مسلمانوں کی ھجرت کا خطرہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنتونیو گوٹریس نے جمعرات کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتےہوئے خبردار کیا ہے کہ میانمار کی مسلم اکثریتی ریاست رخائن میں مقامی مسلمانوں کے خلاف ریاستی تشدد میں کمی نہیں آئی جس کے نتیجے میں تشدد کی لہر شمال سے ریاست کے وسط کی طرف بڑھ رہی ہے۔ خدشہ ہے آنے والے دنوں میں مزید اڑھائی لاکھ روہنگیا مسلمان ملک چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ روہنگیا سے ھجرت کرکے آنے والے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کے بیانات سن کر وہاں پر ہونے والے ظلم سے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سال سے میانمار میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد حربوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل نے برما کے مسلمان پناہ گزینوں کی بحالی اور ان کی مشکلات کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فوری امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔
انتونیو گوٹیریس کا کہنا تھا کہ جانیں بچا کر پناہ گزین کیمپوں تک پہنچنے والوں کے بیان چونکا دینے والے ہیں۔ نہتے مسلمانوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جا رہاہے۔ اجتماعی قتل عام کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کے واقعات بڑے پیمانے پر رونما ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف یو این کی ایک امدادی ٹیم تشدد سے متاثرہ ریاست رخائن میں داخلے کی کوشش ایک بار پھر ناکام ہوگئی ہے۔ یو این حکام کا کہنا ہے کہ برما کے حکام نے ٹیم کے کارکنوں کو متاثرہ علاقوں میں جانے سے روک دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق برما کی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خوف سے اب تک پانچ لاکھ روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ھجرت کرچکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے بار بار برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلے عام مسلمانوں کی نسل کشی قرار دیا ہے۔
برما میں مسلمانوں پر تشدد روکنے کے لیے سویڈن، امریکا، برطانیہ، مصر، سینیگال اور قزاقستان کی اپیل پر کل جمعرات کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا تھا۔
اس موقع پر خطاب میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے برما کے مظلوم مسلمانوں کی مالی امداد کے لیے دل کھول کر عطیات دینے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ وہ تشدد کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور متاثرہ علاقوں تک امدادی کارکنوں کو رسائی دے تاکہ مظالم کے شکار مسلمانوں تک خوراک اور ادویات پہنچائی جا سکیں۔
-
اسرائیل کا میانمار کو اسلحہ کی فروخت جاری رکھنے کا اعلان
روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں صہیونی ریاست کی معاونت جاری
بين الاقوامى -
سلامتی کونسل : روہنگیا مسلمانوں پر مظالم سے متعلق اجلاس جمعرات کو
سفارتی ذرائع کے مطابق میانمار (برما) میں روہنگیا مسلم اقلیت کے بحران کو زیر بحث ...
بين الاقوامى -
بنگلہ دیش: کنگ سلمان سینٹر کی ٹیم کا روہنگیا پناہ گزین کیمپ کا دورہ
سعودی عرب میں کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ...
بين الاقوامى