یمن: ری پبلکن گارڈز نے حوثی ملیشیا کے دسیوں ارکان کو کیسے گرفتار کیا؟
انٹرنیٹ کے ذریعے ایک ویڈیو منظر عا م پر آئی ہے جس میں معزول صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار ری پبلکن گارڈز اپنی اتحادی حوثی ملیشیا کے متعدد جنگجوؤں کو پکڑ کر لے جارہے ہیں۔
یہ ویڈیو بظاہر موبائل فون کے کیمرے سے بنائی گئی ہے اور اس میں حوثی ملیشیا کے جنگجوؤں کو دارالحکومت کی ایک شاہراہ پر پریڈ کراتے ہوئے کہیں لے جایا جارہا ہے۔اس میں ایک چھت پر کھڑے ایک مسلح شخص کو پُرجوش انداز میں بولتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
معزول صدر علی صالح کے وفاداروں اور حوثی ملیشیا کے درمیان صنعا ء میں گذشتہ بدھ سے جھڑپیں جاری ہیں۔ ان کے درمیان صنعا ء کے جنوب میں واقع مسجد الصالح میں کیمروں کی تنصیب کے تنازع پر لڑائی شروع ہوئی تھی اور یہ دارالحکومت کے دوسرے علاقوں تک بھی پھیل گئی تھی ۔
ان جھڑپوں کے بعد معزول صدر علی عبداللہ صالح اور ان کی جماعت نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ حوثیوں کے خلاف اٹھا لیں اور اپنے انقلاب کا دفاع کریں۔اس کے بعد سے فریقین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور وہ ایک دوسرے پر سنگین الزامات عاید کررہے ہیں۔