مونٹی نیگرو: امریکی سفارت خانے پر مبینہ خودکش حملہ
نیٹو کی رکن ریاست مونٹی نیگرو میں امریکی سفارت خانے پر مبینہ خودکش حملہ کیا گیا ہے۔ حملہ آور نے سفارت خانے پر پہلے دستی بم پھینکا اور پھر خود کو بارودی مواد سے اڑا کر ہلاک کر لیا۔
بلقان خطے کی یورپی ریاست مونٹی نیگرو کے دارالحکومت پوڈگوریچا میں امریکی سفارت خانے کے اندرونی صحن میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں ایک مشتبہ شخص نے امکاناً گرینیڈ پھینکا اور پھر ایک قریبی گلی میں خود کو اڑا لیا۔ پوڈ گریچا حکومت کے بیان کے مطابق حملہ آور نے بارودی ڈیوائیس پھینکنے کے فوری بعد ویسی ہی بارودی ڈیوائیس سے خود کو اڑایا۔
پوڈگوریچا کے انتظامی حکام نے اسے خودکش حملہ قرار دیا ہے۔ تفتیشی حکام نے اس بارودی ڈیوائس کو امکاناً گرینیڈ قرار دیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گرینیڈ پھینکنے سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انتہائی سکیورٹی حصار میں قائم امریکی سفارت خانے کی عمارت پوڈگوریچا کے نواحی علاقے میں واقع ہے۔
امریکی وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ مونٹی نیگرو میں واقع امریکی سفارت خانے کی عمارت کے اندرونی کمپاؤنڈ میں ایک چھوٹا دھماکا ہوا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق مقامی پولیس کو تفتیشی عمل کے دوران سفارت خانے کی جانب سے ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
پوڈگوریچا کی پولیس نے سفارت خانے کی عمارت کو آج جمعرات کے روز ہر قسم کی سرگرمی سے روک دیا ہے اور اس کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔ پولیس نے فورینزک ٹیسٹ کے لیے بارودی مواد کے ٹکڑوں کو جمع کرنے کے ساتھ ساتھ ہر امکانی پہلو پر توجہ مرکوز رکھی ہوئی ہے۔
امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ عملے کی جانب سے تفتیشی پولیس کو مکمل تعاون پیش کیا گیا ہے اور اس وقت سفارت خانے کے ملازمین کی سلامتی پر توجہ مرکوز ہے۔ امریکی سفارت خانے نے مونٹی نیگرو میں مقیم امریکی باشندوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو چوکس رکھنے کی بھی تلقین کی ہے۔