حزب اللہ کے ماہرین کے ہاتھوں تربیت حاصل کی: حوثی قیدیوں کا اعتراف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یمن میں قید حوثی باغیوں نے انکشاف کیا ہے کہ لڑائی کے مختلف محاذوں پر بھیجے جانے سے قبل انہوں نے لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے ماہرین کے ہاتھوں ثقافتی اور حربی امور سے متعلق تربیتی کورسز مکمل کیے تھے۔

یمنی فوج کے میڈیا سینٹر نے منگل کے روز دو حوثی قیدیوں کے اعترافی بیانات پر مشتمل وڈیو کلپ جاری کیا۔ ان میں ایک قیدی زکریا محمد عوضہ نے واضح کیا کہ اس نے درجنوں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ دو ماہ قبل صنعاء صوبے کے علاقے شوابہ میں لڑائی کی تربیت حاصل کی۔ عوضہ کے مطابق حربی، عسکری اور ثقافتی کورسز پر مشتمل دو ماہ کی تربیت لبنانی تنظیم حزب اللہ کے ماہرین نے دی۔

دوسرے قیدی عبداللہ العزانی نے تفصیل بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ حوثی ملیشیا نے انہیں قومی نعروں کے ذریعے اور جذبہ حب الوطنی کے نام پر دھوکہ دیا اور بعد ازاں ان دعوؤں کا جعلی پن سامنے آ گیا۔ العزانی کے مطابق وہ اب اپنے کیے پر نادم ہے۔ اس نے اپنے ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ حوثی ملیشیا کی باتوں کا یقین نہ کریں۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران باغی حوثی ملیشیا نے اسکولوں اور سڑکوں سے نوجوانوں کی بھرتی کے لیے وسیع پیمانے پر مہم چلائی۔ بعد ازاں ان نوجوانوں کو لڑائی کی تربیت فراہم کر کے انہیں محاذوں کی بھٹّی میں جھونک دیا۔

یمنی فوج کے میڈیا سینٹر کے مطابق یہ تمام شواہد اس بات کو ثابت کرتے ہیں کہ ایرانی نظام ہتھیاروں اور ماہرین کے ذریعے حوثی ملیشیا کی سپورٹ میں ملوث ہے۔ اس کا مقصد خطّے میں تہران کے تباہ کن ایجنڈے پر عمل درامد کرنا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں