سعودی عرب کی اسکندریہ میں مصری فورسز پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت
سعودی عرب نے مصر کے دوسرے بڑے شہر اسکندریہ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اسکندریہ کے علاقے رشدی میں ہفتے کے روز سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں دو پولیس افسر ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے مصر کی حکومت اور بم دھماکے میں ہلاک پولیس افسروں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
اس ذریعے نے سعودی مملکت کی جانب سے عرب جمہوریہ مصر سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔ مصر کی وزارت داخلہ کے مطابق رشدی میں معسکر الرومانی شاہراہ پر نصب بم سے اسکندریہ شہر کے پولیس سربراہ میجر مصطفیٰ النمر کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا لیکن وہ قافلے میں موجود نہیں تھے ۔اس لیے وہ حملے میں محفوظ رہے ہیں۔