.

سعودی عرب :بین الاقوامی لائسنس کی حامل خواتین ایک سال تک کاریں چلا سکیں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں بین الاقوامی اور غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس کی حامل خواتین کو ان کے مملکت میں داخلے کی تاریخ سے ایک سال تک کاریں چلانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

یہ بات سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک کے باخبر ذرائع نے بتائی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ خواتین کے تسلیم شدہ بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنسوں کو سعودی ڈرائیونگ لائسنسوں سے تبدیل کردیا جائے گا اور مملکت کے تمام علاقوں میں محکمہ ٹریفک کے متعلقہ دفاتر میں یہ کام کیا جائے گا۔

ان ذرائع کے مطابق محکمہ ٹریفک میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے تین مراحل ہوں گے۔ پہلے نمبر پر رجسٹریشن ہوگی ،پھر درکار کاغذات جمع کرائے جائیں گے اور تیسرے نمبر پر ملاقات کا وقت لیا جائے گا۔اس کے بعد درخواست گزار خاتون محکمہ ٹریفک کے متعلقہ دفاتر میں کاغذات کی تصدیق کے لیے جائے گی اور وہاں اس سے کار چلانے کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔اس کی ڈرائیونگ کی مہارت کی جانچ کے بعد اس کو لائسنس جاری کردیا جائےگا۔

محکمہ ٹریفک نے غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس کی حامل خواتین سے درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کردیا ہے اور یہ توقع کی جاتی ہے کہ کسی خاتون کو پہلا ڈرائیونگ لائسنس ساحلی شہر جدہ میں جاری کیا جائے گا۔