انڈونیشیا میں 7.0 کی شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری
انڈونیشیا کے دو سیاحتی جزیروں بالی اور لومبوک میں اتوار کو شدید زلزلہ آیا ہے۔ ریختر اسکیل پر زلزلے کی شدت سات تھی ۔اس کے فوری بعد حکام نے سونامی طوفان کا انتباہ جاری کردیا جس سے ان دونوں سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کے لیے آنے والے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور مقامی افراد میں بھگدڑ مچ گئی ۔
زلزلے کا مرکز لومبوک کا شمالی ساحلی علاقہ تھا اور اس کی گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔ جزیرے بالی میں اس زلزلے کے جھٹکے کئی سیکنڈز تک محسوس کیے گئے تھے اور لوگ اپنے مکانوں ،ریستورانوں اور ہوٹلوں سے باہر نکل آئے ۔
بعض عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکوں سے عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں۔فوری طور پر اس قدرتی آفت سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ۔حکام نے زلزلہ زدہ علاقوں کے مکینوں کو خبردار کیا ہے کہ انھیں خوف وہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
اسی جزیرے میں گذشتہ ہفتے 6.4 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس کے بعد اس علاقے میں آتش فشاں پہاڑ سے لاوا پھوٹ پڑا تھا۔