افغانستان: فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، پانچ افراد ہلاک
افغانستان کے مغربی علاقے میں ہفتے کے روز ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں پائیلٹ سمیت اس میں سوار تمام پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔افغان حکام نے اس حادثے میں جنگجوؤں کے حملے کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
افغان فوج کے ہیلی کاپٹر کو مغربی صوبے فراہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ صوبائی گورنر کے ترجمان ناصر مہری نے کہا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کی بنا پر گر کر تباہ ہوا ہے اور اس کی تباہی میں طالبان کے حملے کا کوئی دخل نہیں ہے۔
کابل میں افغان وزارت دفاع کے ایک عہدہ دار کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو منتقل کیا جارہا تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران میں طالبان جنگجوؤں کے تباہ کن حملوں کے بعد افغان اور غیرملکی افواج اپنے فوجیوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے لیے مجبوراً ہیلی کاپٹر اور طیارے استعمال کررہی ہیں لیکن ہوا بازوں کے غیر تربیت یافتہ ہونے اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ان کے ہیلی کاپٹروں کو آئے دن مہلک حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔