.

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں آیندہ سوموار کو پہلا سینما گھر کھلے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے بحیرہ احمر مال میں آیندہ سوموار( 28 جنوری )کو پہلا فلم تھیٹر کھولا جائے گا۔جدہ کی گورنری میں آیندہ برسوں کے دوران میں کل 65 سینما گھر قائم کیے جائیں گے ۔ان میں تین 2019ء کی پہلی اور چوتھی سہ ماہی میں قائم کیے جا رہے ہیں۔دو فلم تھیٹر 2020ء کی دوسری سہ ماہی میں کھولے جائیں گے۔

اس بات کا انکشاف سعودی عرب کے جنرل کمیشن برائے آڈیو ویژول میڈیا کے مکہ ریجن کے ڈائریکٹر حمزہ الغبیشی نے ایک تقریب میں کیا ہے۔ تقریب میں مکہ کے نائب امیر شہزادہ بد ر بن سلطان بھی موجود تھے۔الغبیشی نے شہزادہ بدر کو کمیشن کی سرگرمیوں اور اس کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا ۔

جدہ میں سینما گھروں کے قیام کے علاوہ سکرینیں بھی لگائی جارہی ہیں اور بحیرہ احمر مال میں 2019ء کی پہلی سہ ماہی میں 12 سکرینیں لگائی جائیں گی۔روا ں سال کی چوتھی سہ ماہی میں اندلس مال میں 27 سکرینیں اور اسٹارز ایوی نیو میں نو سکرینیں لگائی جائیں گی۔ کمیشن جدہ میں کل 102 سکرینیں اور طائف میں سات سکرینیں نصب کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں تین عشرے سے زیادہ عرصے کے وقفے کے بعد اپریل 2018ء میں دارالحکومت الریاض میں مملکت کا پہلا مووی تھیٹر قائم کیا گیا تھا۔سعودی عرب کے وسیع تر اصلاحات کے ویژن 2030ء کے تحت تفریحی سہولتوں اور سرگرمیوں کو فروغ دیا جارہا ہے اور سینما ہال قائم کیے جارہے ہیں۔