ایران کے ساتھ کشیدگی، امریکا نے 'ایف 15' اور 'ایف 35' جنگی طیارے بھی خلیج پہنچا دیے
امریکی فوج نے ایران کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ محاذ آرائی کے خدشے کے پیش نظر ' بی 52' جنگی طیاروں کے بعد 'ایف 15' اور 'ایف 35' جہاز بھی خلیجی ملکوں کےاڈوں پر پہنچا دیئےہیں۔
جمعہ کے روز امریکی فضائیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وائیٹ ہائوس نے ایرانی حملے کے خطرے کے پیش نظر 'بی 52' بمبار طیارے خلیجی ممالک کے اڈوں پرپہنچا دیےہیں۔ یہ طیارے قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچائے گئےہیں۔
خبر رساں ادارے'اے پی'کی جانب سے جمعرات کے روز قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پرB-52H طیاروں کی موجودگی کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔
امریکی فضائیہ کا کہنا ہے کہ بمبار طیارے جنوب مغربی ایشیائی ملکوں میں بھی پہنچ گئے ہیں تاہم ان کے ٹھکانوں کےبارے میں نہیں بتایا گیا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدرڈنلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی تیل کی برآمدات کو صفر تک لے جانے کے اعلان کے بعد ایران اور امریکا کےدرمیان سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی مفادات پرحملوں کی دھمکی دی ہے جس کے بعد امریکا نے فوری کارروائی کی تیاری کرتے ہوئے اپنا ایک جنگی بیڑا مشرق وسطیٰ میں پہنچا دیا ہے۔