یمن: عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں کی حجہ میں حوثیوں کے لیے آنے والی کمک پر بمباری
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کے روز یمن کے صوبے حجہ میں حوثی باغیوں کی مدد کو آنے والی کمک کو اپنے حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
العربیہ کے نمایندے کی اطلاع کے مطابق عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثی ملیشیا کی فوجی گاڑیوں پر بمباری کی ہے۔ان پر ہتھیار اور گولہ بارود لدا ہوا تھا اور وہ حوثیوں کے کنٹرول والے علاقے کی جانب رواں دواں تھیں۔
عرب اتحاد نے مئی کے اوائل میں حوثی ملیشیا کے فوجی اہداف کے خلاف ایک نئی کارروائی شروع کی تھی۔اس کا مقصد حوثی باغیوں کی جارحانہ اور تخریبی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے ان کی فوجی قوت کا قلع قمع کرنا ہے۔
عرب فوجی اتحاد نے دارالحکومت صنعاء کے نواح میں واقع پہاڑی علاقے میں حوثیوں کے اسلحہ کے گوداموں اور چوکیوں کو بھی فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔