لذیذ پکوان کھلا کر ولی عہد سے ’شاباش‘ لینے والی کم عمر سعودی شیف سے ملیے!
لما الجحدلی کے تیار کردہ پکوان کو شہزادہ محمد بن سلمان نے 'شاندار' قرار دیا
ان دنوں سوشل میڈیا اور دوسرے ذرائع ابلاغ میں ایک سعودی شیف لما الجحدلی کے بہت چرچے ہیں۔ حال ہی میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پسندیدہ پکوان تیار کرنے پر 'لما الجحدلی' سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز ہیں۔
لما نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورہ جاپان کے دوران ولی عہد کی طرف سے دیے گئے عشائیے کے لیے ایسا پکوان تیار کیا جسے سعودی ولی عہد بھی سراہے بغیر نہ رہ سکے۔ بعد ازاں لما الجحدلی نے ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے ہمراہ یادگاری تصاویر بھی بنائیں۔
سعودی ولی عہد نے لما الجحدلی کے تیار کردہ کھانے کو'شاندار' قرار دیا۔
لما الجحدلی کم عمر ہی سے کھانے بنانے تیار کرنے کی شوقین ہیں۔ انھوں نے اس فن کا آغاز اپنے گھر سے کیا۔ اس نے فرانسیسی پکوانوں کا کورس کرنے کے بعد کئی عالمی ڈشز بنانے میں بھی مہارت حاصل کی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے لما نے کہا کہ وہ بچپن سے کھانے پکانے کی شوقین ہے۔ 'میرے اس شوق کو جلا بخشنے میں میرے خاندان نے میرا بھرپور ساتھ دیا۔ میں خاندان کے اہم مواقع پر مرغوب کھانے تیار کرتی اور مختلف طریقوں کی سویٹس بناتی ہوں‘۔
لما نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد میں نے لندن میں ککنگ سکھانے والے اسکول میں داخلہ لے لیا۔ یہ کورس کوئی ڈیڑھ سال جاری رہا۔ واپسی پر میں نے جدہ اور دبئی میں عالمی طرز کے ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کام شروع کردیا۔ نیو جدہ سیزن سے قبل میں نے ایک جاپانی ریستوران میں کام شروع کیا۔
ایک سوال کے جواب میں اس نے بتایا کہ جاپانی ریستوران میں تین ماہ کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور عوام الناس نے میرے تیار کردہ پکوانوں کو بہت زیادہ پسند کیا ہے۔ جب صارفین کو یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہاں کوئی سعودی شیف بھی ہے تو وہ مجھ سے ملنے اور بات چیت کرنے کی خواہش کرتے ہیں۔ بعض لوگ کُکنگ کا پیشہ اختیار کرنے پر تنقید اور اسے ترک کرکے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔
لما نے بتایا کہ جاپان میں سعودی ولی عہد کی آمد کی خبرعام تھی اور ہمیں یہ اطلاع ملی تھی ولی عہد اس ہوٹل میں ایک ڈنر میں شرکت کریں گے۔ عملے کو محمد بن سلمان کی آمد سے تھوڑی دیر پہلے خبر دی گئی۔ ہمیں کہا گیا کہ ہم 'واگیونیواسٹائل میٹ' پکوان تیار کریں کیونکہ سعودی ولی عہد اسے بہت پسند کرتے ہیں۔
اس نے بتایا کہ کھانے کے بعد ملاقات میں سعودی ولی عہد نے میرا تیار کردہ پکوان بہت پسند کیا اور کہا کہ پکوان انتہائی شاندار تھا۔ لما نے شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ سیلفیاں بھی بنوائیں اور ان کے پسندیدہ پکوان کی تصاویر بھی تیار کی گئیں۔
لما نے کہا کہ پکوان کے میدان میں مہارت رکھنے والے سعودیوں کا مستقبل روشن ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس میدان میں کام کرنے والوں کے لیے کوئی مشکل نہیں۔ اگر کوئی اس میدان میں اترتا ہے تو اس کے پاس بہت زیادہ مواقع ہیں۔