.

مرمتی کام کی وجہ سے 'بگ بین' اپنی 160 ویں سالگرہ پر خاموش!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی پارلیمان میں عجوبہ روزگار گھڑیال 'بگ بین' کی آج جمعرات 11 جولائی کو 160 ویں سالگرہ منائی گئی مگر 'بگ بین' اپنی سالگرہ کے دن مرمتی کاموں کی وجہ سے خاموش رہا۔ 'بگ بین' اور اس کے ٹاور کی مرمت کا کام دو سال سے جاری ہے اور اسے مزید دو سال کا عرصہ لگے گا۔

مرمت کے جاری منصوبے کی وجہ سے 96 میٹربلند الیزا بیتھ ٹاور لوہے اور دیگر مواد سے اٹا پڑا ہے۔ تعمیراتی کام کے دوران ٹاور کی چوٹی پر موجود گھڑیال کی چاروں سمتوں کو چمکانے، اس کی تیاری میں استعمال ہونے والے پتھروں کی صفائی اور ان کی خوبصورتی بحال کرنے اور اسے محفوظ بنانے کے لیے کام جاری ہے۔

خیال رہے کہ لندن میں پارلیمان کی عمارت ویسٹ منسٹر محل میں واقع گھڑیال کا ٹاور 96 میٹر بلند ہے۔ 13.7 ٹن وزنی اس گھڑیال کو ’بیگ بین‘ کا نام دیا گیا۔ یہ گھڑیال اگرچہ 2021 تک گھنٹہ پورا ہونے کی گھنٹی تو نہیں بجائے گا البتہ یہ متبادل مشین کی مدد سے درست اوقات دکھاتا رہے گا۔

یہ گھڑیال گذشتہ ایک سو ستاون سال سے بلا توقف ہر گھنٹے بعد بجتا رہا ہے۔ تاہم مخصوص اوقات بالخصوص سال نو کے موقع پر اس کی آواز بند کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ سنہ 1983ء اور 1985ء کے دوران اور 2007ء کے دوران مرمتی کام کی وجہ سے اسے روکا گیا تھا۔