الجزائری فٹبال ٹیم کے کوالیفائی کرنے پر فرانس میں ہنگامے پھوٹ پڑے،282 افراد گرفتار
فرانس کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ مصر میں ہونے والے افریقی فٹ بال کپ کے فائنل کے لیے الجزائری ٹیم کے کوالیفائی کرنے کے بعد فرانس کے کئی شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کو کریک ڈائون کرنا پڑا ہے۔ اتوار کی شام فرانسیسی پولیس نے ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 282 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
فرانسیسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 249 افراد اب بھی زیرحراست ہیں جب کہ پولیس کو مختلف شہروں میں الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس میں اس وقت ہنگامے پھوٹ پڑے جب الجزائر کی فٹ بال ٹیم نے 14 جولائی کو قومی دن کے موقع پر مصر میں ہونے والےافریقی فٹ بال کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
فرانس کے مختلف شہروں میں الجزائری فٹ بال ٹیم کے حامی شائقین اور مخالفین سڑکوں پر نکل آئے۔ الجزائری ٹیم کے شائقین نے اپنی پسندیدہ ٹیم کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر جشن منایا۔ یہ جشن مرسیلیا، پیرس اور لیون جیسے شہروں میں ہنگاموں میں تبدیل ہوگیا۔
دارالحکومت پیرس سے 50 افراد کو حراست میں لیا گیا اور 202 گاڑیوں کے ڈرائیورں کے چالان کیے گئے۔ لیون شہر میں ہنگامہ آرائی کے دوران دسیوں گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا جب کہ مرسیلیا میں بھی رات گئے تک پولیس اور مظاہرین میں آنکھ مچولی جاری رہی۔
سوموار کی صبح فرانسیسی وزیرداخلہ کریسٹوو کاسٹانیر نے ایک بیان میں پولیس کی طرف سے ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد سے پیشہ وارانہ انداز میں نمٹنے کی تعریف کی اور کہا کہ ملک میں تشدد اور افراتفری کو ہوا دینے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔