مصراور یو اے ای کا 20 ارب ڈالر مالیت کے مشترکہ سرمایہ کاری پلیٹ فارم پر اتفاق
متحدہ عرب امارات اور مصر نے بیس ارب ڈالر مالیت کے ایک تزویراتی سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے قیام سے اتفاق کیا ہے۔اس کے ذریعے اقتصادی اور سماجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں اس پلیٹ فارم کا اعلان کیا ہے۔ ان کے بہ قول اس کے قیام میں یہ نظریہ پنہاں ہے کہ ہمارے دونوں برادر ممالک کے لیے اہمیت کے حامل اقتصادی اور سماجی منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انھوں نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ کے فروغ،باہمی دلچسپی کے علاقائی امور اور مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی تازہ پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
مصر میں یو اے ای کے سفیر جمعہ الجنیبی نے العربیہ سے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ دونوں ممالک خطے میں رواداری کے فروغ اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے باہم مل جل کر کام کررہے ہیں اور ان کے درمیان اس ضمن میں قریبی روابط استوار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’’سیاسی طور پر یو اے ای اور مصر ہمارے خطے کو درپیش پیچیدہ مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک ہی سمت میں گامزن ہیں۔ بالخصوص وہ معاشروں میں رواداری کے فروغ اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں مل جل کر کام کررہے ہیں۔‘‘
سفیر الجنیبی کا کہنا تھا کہ مصر یواے ای کا اہم کاروباری شراکت دار ہے۔یہ اماراتی سیاحوں کی پسندیدہ منزل ہے اور اماراتی سرمایہ کاروں کے لیے پُرکشش سرمایہ کاری کی جگہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’ متحدہ عرب امارات معاونت اور ترقیاتی امداد کے ذریعے مصر اور اس کے عوام کی خوش حالی چاہتا ہے۔یہ صرف لوگوں کی امداد کا معاملہ نہیں بلکہ یہ مصری معیشت کی ترقی میں مدد دینا ہے تاکہ اس کے پورے خطے میں مثبت اثرات مرتب ہوسکیں۔‘‘
مصر اور یو اے ای کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات استوار ہیں۔انھوں نے اس سال مارچ میں آبی وسائل کے نظام کومربوط بنانے اور ٹیکنیکل شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کیے تھے۔ ان کے درمیان مکانات ، تعمیرات اور انفرااسٹرکچر کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے لیے بھی سمجھوتے طے پائے تھے۔