سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا متحدہ عرب امارات آمد پر پُرتپاک خیرمقدم
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر بدھ کے روز ابو ظبی پہنچ گئے ہیں۔
ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ابو ظبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شہزادہ محمد بن سلمان کا خیر مقدم کیا ہے۔ پھر ان کے اعزاز میں صدارتی محل میں سرکاری طور پراستقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے معزز مہمان کا ٹویٹر پر شاندار الفاظ میں خیر مقدم کیا۔انھوں نے لکھا کہ’’ہم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کے اپنے ہی ملک میں، اپنے بھائیوں اورخاندان کے درمیان خوش آمدید کہتے ہیں۔ہم پیارے بھائی ، معاون ، مدد گار،شراکت دار اور اتحادی کو چشم ماروشن دل ماشاد کہتے ہیں۔ہم انھیں خوش آمدید کہتے ہیں جو اپنے ملک کے حجم کے مطابق خواہشات پر مبنی ویژن کی قیادت کررہے ہیں۔ ہم سعودی عرب کا یو اے ای میں خیر مقدم کرتے ہیں۔‘‘
سعودی ولی عہد ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کریں گے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ سال یو اے ای کا دورہ کیا تھا۔تب انھوں نے خطے میں دوسرے عرب ممالک کا بھی دورہ کیا تھا۔