مشرق وسطیٰ میں ایرانی خطرے کے تدارک کے لیے کام کر رہے ہیں: ایسپر
امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں ایرانی خطرے کی روک تھام کے لیے موثر کوششیں کررہا ہے۔
ایسپر نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ترکی نیٹو میں امریکا کا اتحادی ہے مگر اسے 'ایف 35 ' جنگی طیارے نہیں ملیں گے۔
قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کی حکومت کے ساتھ عارضی صلح کی پالیسی مفید ثابت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا نے ایک بالکل مختلف نقطہ نظر اپنایا ہے۔ ہم ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ نے ایران میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایران میں مظاہرین کے خلاف پرتشدد حربوں کے استعمال کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ ایرانی عہدیداروں کے اہل خانہ کے ارکان پر عائد ویزا پابندیاں پرامن احتجاج کو دبانے کا رد عمل ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے ایرانیوں کو یہ کہتے ہوئے خطاب کیا کہ امریکا آپ کی بات سنے گا، آپ کا ساتھ دے گا، آپ کے ساتھ کھڑا ہوگا اور ہم ایران میں انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہرممکن کام کریں گے۔