حاکمِ دبئی کی ’بعد از کرونا‘ معاشی بحالی کے لیے قومی حکمتِ عملی وضع کرنے کی ہدایت
حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بعد از کرونا وائرس کے دور میں معیشت کی بحالی کے لیے قومی حکمتِ عملی وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق شیخ محمد نےوزراء اور ماہرین پر زوردیا ہے کہ وہ ملک میں اقتصادی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے قلیل المیعاد اور طویل المیعاد پالیسیاں وضع کریں۔
انھوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ بعد از کووِڈ-19 میڈیکل کے شعبے سے وابستہ صنعتوں کی پیداوار ی اور مسابقتی صلاحیت میں اضافے کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے ۔
شیخ محمد بن راشد یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم بھی ہیں۔انھوں نے اس حیثیت میں کہا ہے کہ ’’ بعد از کووِڈ-19 صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنی قومی ترجیحات پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ہمیں نئے پروگراموں اور منصوبوں کے ذریعے اپنے مالیاتی اور انسانی وسائل کا رُخ میڈیکل ، خوراک اور اقتصادی ضمانت کی جانب موڑنے کی ضرورت ہے۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ ’’ بعد از کووِڈ-19 تیاری کا مطلب ایک نئے مستقبل کی تیاری ہے اور چند ماہ قبل تک تو کوئی بھی اس صورت حال کی پیشین گوئی نہیں کرسکتا تھا۔‘‘
محمد بن راشد : الاستعداد لما بعد كوفيد – 19 هو استعداد لمستقبل جديد لم يتوقعه أحد قبل عدة أشهر فقط.. التعليم والصحة والعمل الحكومي والاستثمار والتجارة وبنيتنا الإلكترونية.. كلها ستشهد تطورات جديدة لمواكبة مستقبل مليء بفرص مختلفة#uaegov pic.twitter.com/ymfpuA6am3
— UAEGov (@uaegov) May 4, 2020
وام کی رپورٹ کے مطابق آیندہ ہفتوں کے دوران میں حکومت کے اجلاسوں میں مستقبل کے لیے ایک ایجنڈا تیار کیا جائے گا اور ترقیاتی اہداف مقرر کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں مارچ میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کرفیو اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے تمام معاشی اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی تھیں لیکن رمضان کے آغاز سے قبل لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی تھی اور حکومت نے احتیاطی تدابیر کے ساتھ شاپنگ مال ، کیفے اور ریستوران دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔
حکومت نے بعض سرکاری دفاتر اور خدمات کے مراکز بھی کھول دیے ہیں اور وہاں کل سرکاری ملازمین کے صرف 30 فی صد کو آنے کی اجازت ہے ،اسی طرح ایک سرکاری دفتر کی گنجائش کے حساب سے صرف 30 فی صد صارفین اپنے کاموں کے سلسلے میں آ سکتے ہیں۔