متحدہ عرب امارات کی قومی ایمرجنسی کرائسِس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں میں مزید نرمی کردی ہے اور بیرون ملک مقیم یو اے ای کے مکینوں کو بدھ سے واپسی کے لیے اب حکام سے پیشگی منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یو اے ای کے حکام نے واپسی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اب پہلے سے درخواست دینے کے عمل کو تبدیل کردیا ہے اور رجسٹریشن اور انتظار کے عمل کو خودکار پیشگی منظوری کے طریق کار سے منسلک کردیا ہے۔اس مقصد کے لیے تارکینِ وطن کو 12 اگست سے قبل از وقت درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
تاہم امارات کے مکینوں اور شہریوں کو طیارے پر سوار ہونے سے قبل کووِڈ-19 کا منفی ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا اور یہ ان کی پرواز کی روانگی کے وقت سے 96 گھنٹے کے دوران میں جاری شدہ ہونا چاہیے۔
اتھارٹی نے اس اعلان کے ساتھ ملک کو دوبارہ کھولنے کے دوسرے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور مزید تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کی بھی اجازت دے دی ہے۔
اماراتی حکام نے وضاحت کی ہے کہ یو اے ای میں لوٹنے والے تمام مکینوں کو آمد پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔وقتِ ضرورت انھیں قرنطین میں رہنا ہوگا اور الحوسن ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی۔