اگر صرف قانونی ووٹوں کی گنتی ہوئی تو بآسانی صدارتی انتخابات جیت جاؤں گا: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر صرف قانونی حیثیت رکھنے والے ووٹوں کی گنتی کی جائے تو وہ بآسانی صدارتی انتخابات جیت جائیں گے۔
جمعے کے روز کی گئی ایک ٹویٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ "مبصرین کو اپنی ذمے داریاں انجام دینے سے روک دیا گیا ، اس عرصے میں گنے جانے والے ووٹ کالعدم ہیں"۔
امریکی صدر کے مطابق سپریم کورٹ ان ووٹوں کی قانونی حیثیت کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
I easily WIN the Presidency of the United States with LEGAL VOTES CAST. The OBSERVERS were not allowed, in any way, shape, or form, to do their job and therefore, votes accepted during this period must be determined to be ILLEGAL VOTES. U.S. Supreme Court should decide!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) November 6, 2020
اس سے قبل جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنے حریف پر انتخابات چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ریپبلکن پارٹی ایوان نمائندگان میں کوئی نشست نہیں کھوئے گی۔ اسی طرح امریکی صدر نے مقامی میڈیا پر بھی انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے رائے عامہ سے متعلق سروے رپورٹوں کو جعلی قرار دیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ تمام مرکزی ریاستوں میں بڑے فرق کے ساتھ کامیاب ہوئے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ای میل کے ذریعے ووٹنگ نے انتخابی نظام کو برباد کر ڈالا۔
ابھی تک سامنے آنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق الیکٹورل کالج میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائڈن نے 264 اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 214 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ بائڈن کے صدارتی انتخابات جیتنے کے لیے اب صرف 6 الیکٹورل ووٹ کی ضرورت ہے۔