دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے ۔اس میں وہ ’’عین دبئی پہیّا پوڈ‘‘ کے اوپر بیٹھے ہوئے ہیں۔دنیا کے سب سے اونچے اور سب سے بڑے اس مشاہداتی پہیے کو جمعرات کے روز عوام کے لیےکھول دیا گیا ہے۔
شیخ حمدان ،جنھیں ’’فز3‘‘ یا "فضہ" بھی کہا جاتا ہے، باقاعدگی سے اپنی مصروفیات ،مہم جوئی اورسفر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئرکرتے رہتے ہیں۔
انسٹاگرام ریل میں شیخ حمدان ایک پوڈ کے اوپر بیٹھے کافی کا گھونٹ لیتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔وہ محفوظ طریقے سے اس سے بندھے ہوئے تھے۔
جیسے ہی ڈرون نے اس کی فلم بندی شروع کی،عین دبئی (دبئی کی آنکھ) سےسمندر کا مکمل نظارہ ہونے لگا۔ شیخ حمدان سب سے اونچی پوڈ کے اوپربیٹھے تھے۔ویڈیو میں جے بی آر اسکائی لائن، دبئی پام اور بلیو واٹر آئی لینڈ کو بھی فلمایا گیا تھا۔
شیخ حمدان نے اس سے قبل برج خلیفہ کو’’سر‘‘کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔
عین دبئی:ایک اور ریکارڈ
250 میٹر سے زیادہ بلند عین دبئی (یا دبئی آئی) امارت کے عالمی ریکارڈوں کی طویل فہرست میں شامل ہونے کا تازہ سنگ میل ہے۔
اس یادگار کا مقصد سیاحت کے ایک اہم مرکز کے طور پر دبئی کی عالمی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے۔ زائرین بلندی پر کھانا کھا سکیں گے، جشن یا تقریبات منانے والوں کے لیے مختلف خصوصی پیکجز متعارف جارہے ہیں۔