یمن اور حوثی

حوثی ملیشیا نے گھروں اور مساجد تک میں بارودی سرنگیں بچھا دیں: معمر الاریانی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے الزام عائد کیا ہے کہ حوثی ملیشیا نے شہری تنصیبات کو "بارودی سرنگوں کے میدان" میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان بارودی سرنگوں کا نشانہ بن کر ہزاروں خواتین ، بچے اور عمر رسیدہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ الاریانی کے مطابق مذکورہ شہری مقامات میں رہائشی علاقے، گھر، مساجد اور اسکول شامل ہیں۔

ہفتے کے روز عربی اور انگریزی زبانوں میں کی گئی ٹویٹ میں یمنی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے حیس ضلع میں حال ہی میں آزاد کرائے گئے گاؤں القضیبہ کی ایک مسجد میں بارودی سرنگیں بچھائیں اور دھماکا خیز مواد نصب کیے۔ یہ سرنگیں اور مواد سیکڑوں بے قصور افراد کی ہلاکت کے لیے کافی تھا۔

الاریانی نے مزید کہا کہ اس امر سے حوثی ملیشیا کی مجرمانہ اور وحشیانہ روش کی سطح کا پتہ چلتا ہے۔ ایران نواز ملیشیا نے تمام مذہبی ، انسانی اور اخلاقی اقدار کو مسخ کر ڈالا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری یمنیوں کے خلاف حوثی ملیشیا کے غیر معمولی جرائم کے سامنے چُپ کھڑی ہے۔

یمنی وزیر اطلاعات نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور امریکا اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ شہری مقامات پر ممنوعہ بارودی سرنگیں بچھانے کی مذمت کریں کیوں کہ یہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔ مزید یہ کہ حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

یمن میں بارودی سرنگوں کی رصد گاہ نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران میں متعدد یمنی صوبوں میں حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا شکار ہو کر 101 افراد کے مرنے کی تصدیق کی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں