کرونا وائرس

ڈبلیو ایچ او:مسائلِ صحت سےدوچارافراد کوکووڈ-19 ویکسین کی تقویتی خوراک لگانے کی سفارش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ویکسین ایڈوائزری پینل نے صحت کے مسائل سے دوچار افراد یا غیرفعال ویکسین لگوانے والے افراد کو کووڈ-19 ویکسین کی ایک اور اضافی خوراک لگانے کی سفارش کی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نےان افرادکی تعریف یہ کی ہے کہ ان کی قوتِ مدافعت کم زورہے یاجنھوں نے کوئی غیرفعال ویکسین لگوائی ہے۔اس وقت بہت سے ممالک میں بالخصوص عمررسیدہ افراد اور صحت کے بنیادی مسائل سے دوچارلوگوں کو تیسری اضافی تقویتی خوراک لگائی جارہی ہےلیکن نئے اومیکرون متغیّرکے بارے میں تشویش نے کچھ ملکوں کو اپنی آبادی کے بڑے حصے تک ویکسین کااستعمال بڑھانے پرمجبورکیا ہے۔

ترقی پذیردنیا کے بیشترملکوں میں ویکسی نیشن کی شرح تشویش ناک حد تک کم ہے۔اس کے پیش نظرڈبلیو ایچ او نے حالیہ مہینوں میں اس بات پر زوردیا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں لوگوں کو تیسری اضافی خوراک لگانے کے بجائے ترقی پذیریا پسماندہ ممالک میں بنیادی دو خوراکوں کوترجیح دی جائے۔

اب عالمی ادارۂ صحت کے تزویراتی مشاورتی گروپ کے ماہرین (سیج) نےکووڈ-19 کی اضافی خوراک کی ضرورت کا جائزہ لینےکے لیے منعقدہ اجلاس کے بعد نئی سفارش کی ہے اور پہلے سے مختلف عوارض سے دوچارافراد کو اضافی خوراک لگانے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔

سیج کے چیئرمین ایلیژینڈروکریویوٹو نے ایک نیوزبریفنگ میں تازہ اعدادوشمار کے حوالے سے بتایاکہ ’’کووڈ-19 کے خلاف ویکسین کی افادیت کم ہوکررہ گئی ہے،خاص طور پرضعیف العمرافراد میں اس کے اثرات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے‘‘۔

ڈبلیوایچ او کے شعبہ ویکسن نیشن کی ڈائریکٹرکیٹ اوبرائن نے کہا کہ کووڈ-19 کی ویکسین دوسری خوراک کے بعد چھے ماہ تک ’’بہت اچھی طرح‘‘تحفظ فراہم کرتی ہے۔البتہ اس کی افادیت میں ’’کچھ معمولی‘‘ کمی واقع ہوجاتی ہے۔

کریویوٹو نے کہا کہ جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کی ایک خوراک اب بھی مؤثر ہے لیکن دو خوراکوں کے استعمال سے متعلق کمپنی کی کلینیکل جانچ کے اعدادوشمار واضح افادیت ظاہر کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ چین کی دواسازفرموں سائنوفارم بائیوٹیک، سرکاری ملکیتی سائنوفارم اور بھارت کی دوا ساز فرم بھارت بائیوٹیک کی ساختہ ویکسینوں کو غیرفعال قراردیا گیا ہے۔یہ ویکسینیں سارس-کووی-2 وائرس کوکیمیکلز، گرمی یا تابکاری کا استعمال کرتے ہوئے غیرفعال یا ہلاک کرتی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں