یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی میں مصروف عرب اتحاد نے سوموار کے روز بتایا کہ سعودی عرب کی ائر ڈیفنس نے مملکت کے جنوبی علاقے ظھران پر داغا جانے والا بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کر دیا۔
عرب اتحاد کے اعلامیے کے مطابق بیلسٹک میزائل کے ٹکڑے ظھران شہر کے جنوب میں واقع انڈسٹریل زون میں گرے۔
علاقے سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ناکام بیلسٹک میزائل حملے میں صنعتی شہر کی ایک ورکشاپ اور وہاں کھڑی عام شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
ادھر عرب اتحاد نے یمن کی گورنری الجوف میں حوثی باغیوں کے بیلسٹک میزائل لانچنگ پیڈ کو تباہ کر دیا ہے۔ عرب اتحاد کے بقول باغیوں نے سوموار کو علی الصباح اس مقام کو ظھران پر داغے جانے والے بیلسٹک میزائل کے لیے استعمال کیا تھا۔
قبل ازیں حوثیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک اور بیلسٹک میزائل جازان شہر کے صنعتی علاقے میں گرا ہے۔
صور استهداف الميليشيات الحوثية للمنطقة الصناعية في أحد المسارحة بجازان
— العربية (@AlArabiya) January 23, 2022
#العربية pic.twitter.com/ZSd1qHd8mx
تفصیلات کے مطابق عرب اتحاد نے حوثیوں کے نئے حملے کے حوالے سے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو جازان کے انڈسٹریل ایریا میں حوثیوں کا ایک بیلسٹک میزائل گرا ہے۔ اس حملے کا مقصد علاقے میں موجود آبادی کو نقصان پہنچانا تھا- حملے کے نتیجے میں ایک رہائشی زخمی ہوا ہے۔
عرب اتحاد کے مطابق اس سے قبل جمعے کو بھی حوثیوں کی جانب سے خمیس مشیط شہر پر حملہ کیا گیا تھا جسے ناکام بنادیا گیا۔