محفل موسیقی کے دوران مشہور فٹبالر کی اہلیہ کی ہولناک موت کا واقعہ
ایک چونکا دینے والے واقعے میں پیراگوئے کے فٹبالر ایوان ٹوریس کی اہلیہ ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر کرسٹینا ویٹا آرانڈا ایک موسیقی کنسرٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوگئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 29 سالہ نوجوان ماڈل کو اتوار کے روز پیراگوئے کے دارالحکومت اسونسیون میں ایک میوزک فیسٹیول میں شرکت کے دوران سر میں گولی ماری گئی۔
فائرنگ سے چار دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں بعد ازاں اسپتال لے جایا گیا۔ حکام نے بتایا کہ پولیس مجرم جوز لوئس بوگاڈو کیویڈو کو تلاش کر رہی ہے۔ ملزم کا عرفی نام "کوری" بتایا جاتا ہے۔ بی بی سی کے مطابق حملہ آور ممنوعہ اشیا کا اسمگلر ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی ریڈ وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔
اتفاقیہ طور پر گولی لگ گئی
پیراگوئے کے کورڈیلیرا صوبے کے پولیس چیف پراسیکیوٹر بینیسیو رامیرز نے کہا کہ حکام کا خیال ہے کہ نشانہ "کوئی اور" تھا اور کرسٹینا کو غلطی سے گولی مار دی گئی جو اس کے قریب کھڑی تھی۔
مشہور پیراگوئین کھلاڑی نے سوشل میڈیا پر اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے ایک بیان میں یہ خبر شائع کی اور لکھا کہ کرسٹینا کی ترجیحات میں سے ایک اپنے فالورز کے قریب رہنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شائقین اسے آخری بار دیکھنے کے لیےاسونسین میں اس کی رہائش گاہ پر آ سکتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ کرسٹینا ویٹا آرانڈا کے اپنے شوہر فٹ بال کھلاڑی ایون ٹوریس کے ساتھ تین بچے ہیں اور انہوں نے گزشتہ دسمبر میں ایک انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ شادی کے 10 سال بعد الگ ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ جوڑا اپنے ازدواجی تعلقات کو ٹھیک کرنے پر کام کر رہا تھا۔
ایون نے اپنی آنجہانی اہلیہ کے اعزاز میں ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا میں نے آج بہت کچھ کھو دیا ہے۔ میں اسے خوبصورت مسکراہٹ اور اتنے بڑے دل کے ساتھ بہت یاد کروں گا۔