سعودی عرب کی سیاحت اتھارٹی اوردبئی کی ملکیتی فضائی کمپنی الامارات نے الریاض، جدہ اور مدینہ منورہ میں سیاحتی مقامات کے لیے پروازوں کی تعداد اور صلاحیت میں اضافے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کیے ہیں۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کا الامارات کے ساتھ یہ سمجھوتا مملکت میں تاریخی سیاحتی مقامات کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ تعاون اورشراکت داری کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے سعودی ٹورازم اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور بورڈ ممبر فہد حامدالدین کے حوالے سے بتایا کہ نئی شراکت داری سیاحوں کی سعودی عرب میں 120 سے زیادہ مقامات تک رسائی کو یقینی بنائے گی۔اس سے سعودی عرب کی سیاحت کا تجربہ کرنے کے لیے آنے والے زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
دبئی سے الریاض:دنیا کا مصروف ترین بین الاقوامی روٹ
ایئرٹریول انٹیلی جنس، فضائی کمپنیوں کے شیڈول، کارگواور شہری ہوابازی کے بارے میں تجزیاتی اعدادوشمار فراہم کرنے والے ادارے آفیشل ایئرلائن گائیڈ (او اے جی) نے انکشاف کیا ہے کہ دسمبر2021 میں دبئی سے الریاض دنیا کا مصروف ترین بین الاقوامی روٹ تھا۔اس میں 284,600 نشستیں تھیں۔
او اے جی نے فروری 2022ء میں بھی دبئی اور الریاض کے سفری راستے کو دنیا کا مصروف ترین بین الاقوامی فضائی روٹ قرار دیا ہے۔اس میں 259,832 نشستیں تھیں۔
سعودی عرب میں متحدہ عرب امارات کی ملکیتی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کے نئے روٹس میں اضافہ ہوا ہے۔دبئی کی ملکیتی ایئرلائن ’فلائی دبئی‘ نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے تاریخی شہرالعلاء کے لیے جلد پروازیں چلانا شروع کردے گی اور وہ یواے ای کی پہلی ایئرلائن ہوگی جس نے اس منزل کو اپنے نیٹ ورک میں شامل کیا ہے۔
العلاء سعودی عرب میں واقع دنیا کا ایک منفرد تاریخی عجوبہ ہے اور یہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔
فلائی دبئی نے اعلان کیا کہ وہ 2 مارچ سے ہفتے میں دودن (بدھ اور ہفتہ کو) شہزادہ مجید بن عبدالعزیز ہوائی اڈے (یو ایل ایچ) کے ذریعے العلاء کے لیے پروازیں چلائے گی اور دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے (ڈی ایکس بی) کے ٹرمینل 2 سے اس کی پروازیں روانہ ہوں گی۔
دبئی کی سرکاری ملکیتی فلائی دبئی نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے شہرینبع میں اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرے گی جس سے سعودی عرب میں اس کا نیٹ ورک الریاض، جدہ، مدینہ اور الدمام سمیت چھے مقامات تک بڑھ جائے گا۔
ینبع کے عبدالمحسن بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے (وائی این بی) کے لیے پروازیں 24 فروری سے شروع ہوں گی اور ہفتہ وار تین پروازیں منگل، جمعرات اوراتوارکو چلائی جائیں گی۔