امریکا کایوکرین کےلیے70 کروڑڈالرمالیت کے نئے فوجی امدادی پیکج کا اعلان
امریکا نے بدھ کے روز یوکرین کے لیے 70 کروڑڈالر مالیت کے نئے فوجی امدادی پیکج کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔اس میں طویل فاصلے تک مارکرنے والے راکٹ سسٹم بھی شامل ہیں۔
امریکی صدرجو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ نیا پیکج یوکرین کو نئی صلاحیتوں اور جدید ہتھیاروں سے لیس کرے گا۔ان میں ہیمارس آرٹلری راکٹ سسٹم بھی شامل ہیں۔ان کی مدد سے یوکرینی روسی فوج کی پیش قدمی کے مقابلے میں اپنے علاقے کا دفاع کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم یوکرین کی آزادی کی جنگ میں تاریخی امداد مہیا کرنے میں دنیا کی قیادت جاری رکھیں گے۔
بائیڈن انتظامیہ کے سینیرعہدے داروں نے قبل ازیں منگل کے روزصحافیوں کو بتایا کہ یوکرین نےامریکا سے ملنے والے جدید راکٹ سسٹم سے روس کے اندر حملہ نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق نئے راکٹ سسٹم 48 میل دور تک اہداف کو نشانہ بنا سکیں گے۔
محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق تازہ ترین امداد اگست 2021ء کے بعد سے یوکرین کے لیے امریکاسے بھیجے جانے والے فوجی سازوسامان کی گیارھویں کھیپ ہے۔اس میں درج ذیل فوجی آلات اور اسلحہ شامل ہوں گے:
ہائی موبلیٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ہمارس)اور گولہ بارود
توپ خانے کے توڑ کرنے کے لیے پانچ ریڈار
فضائی نگرانی کے دو ریڈار
1000جیولین اور50 کمانڈ لانچ یونٹ
6000 اینٹی آرمر ہتھیار:
155ملی میٹرآرٹلری راؤنڈ:15000
چار ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر
15ٹیکٹیکل گاڑیاں
مختلف فاضل پرزہ جات اورآلات
پینٹاگون نے کہا کہ اس کھیپ سے صدرجوبائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یوکرین کو امریکا کی جانب سے بھیجی جانے والی فوجی امداد کی کل مالیت قریباً 5.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
امریکا نے روسی صدر ولادی میرپوتین کے یوکرین پر حملے کے حکم کے بعد قریباً 4.6 ارب ڈالر کی امداد بھیجنے کا وعدہ کیاتھا۔