سعودی آرامکو نے پیر کے روز والوولائن کے ساتھ اس کی مصنوعات کے عالمی کاروبار کے حصول کے لیے 2.65 ارب ڈالر کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔اس معاہدے کے تحت موٹرآئل، ٹرانسمیشن سیال (گیئر کاتیل)، کولینٹ اور آٹوموٹیو کی دیکھ بھال کی دیگرمصنوعات شامل ہیں۔
والوولائن نے کہا کہ یہ سودا اس کی عالمی مصنوعات کو اس کے خوردہ خدمات کے کاروبار سے الگ کردے گا اور اسے خالص آٹوموٹیو کی خدمات کے مہیاکنندہ میں تبدیل کر دے گا۔
والوولائن ڈیڑھ سو سال پرانی کمپنی ہے۔یہ امریکی کمپنی قریباً 1700 سروس مراکزاورفرنچائز چلاتی ہے۔امریکا بھر میں اس کے اسٹورز تیل کی تبدیلی اورگاڑیوں کی دیگر فوری خدمات کی پیش کش کرتے ہیں۔
والوولائن کا کہنا ہے کہ سعودی آرامکو کے ساتھ معاہدے سے اسے الیکٹرک گاڑیوں اورکاروں کی خدمات پر توجہ مرکوز کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ پہلے ہی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والے اداروں کو بیٹری کا سیال مواد مہیّا کررہی ہے۔
والوولائن نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ 2.25 ارب ڈالر کی خالص نقدآمدنی کو حصص دوبارہ خریدکرنے، قرضوں میں کمی اور اپنے خوردہ خدمات کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے ذریعے حصص داران کو سرمایہ واپس کرنے کے لیے استعمال کرے گی۔ یہ معاہدہ ریگولیٹری منظوری سے مشروط ہے اور توقع ہے کہ 2022 کے آخر یا اگلے سال کے اوائل تک اس کی منظوری مل جائے گی۔
سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو گذشتہ برسوں سے بنیادی سطح تک اپنا کاروبار پھیلا رہی اور اس میں مسلسل توسیع کر رہی ہے۔آرامکو کے ڈاؤن اسٹریم کے سینیر نائب صدر محمد القحطانی نے کہا کہ والوولائن کا عالمی مصنوعات کا کاروبار لبریکنٹس کے لیے آرامکو کی ترقی کی حکمت عملی سے بالکل مطابقت رکھتا ہے کیونکہ اس سے عالمی سطح پر ہماری تیل کی پیداوار سے فائدہ ہوگا۔
نئے معاہدے کی تکمیل کے بعد والوولائن چین،مشرق اوسط اور شمالی افریقا کے بعض ممالک کو چھوڑ کر عالمی سطح پر تمام خوردہ خدمات کے لیے اپنے برانڈ کے نام کی مالک ہوگی جبکہ آرامکو عالمی سطح پر تمام مصنوعات کے استعمال کے لیے والوولائن برانڈ کی مالک ہوگی۔ والوولائن کا کہنا ہے کہ وہ طویل مدتی سپلائی معاہدے کے ذریعے عالمی مصنوعات کے کاروبار سے موٹرآئل اور متعلقہ مصنوعات کی خریداری کرے گی۔