سعودی عرب پاکستان کی معیشت میں معاونت کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے جمعرات کو خبردی ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کی معیشت اوراس کے برادرعوام کی حمایت میں مملکت کے مؤقف کے عین مطابق ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حکم دیا ہے۔
خبرمیں مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹوزرداری سے فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اوران میں بہتری لانے کے طریقوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پربھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاکستانی معیشت اس وقت بدترین مسائل سے دوچار ہے اور اسے ادائیوں کے توازن کے بحران کا سامنا ہے۔اس کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر7.8 ارب ڈالر تک کم ہو چکے ہیں جو ایک ماہ سے زیادہ درآمدات کے لیے بمشکل کافی ہیں۔
وہ کرنٹ اکاؤنٹ کے بڑھتے ہوئے خسارے، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدرمیں کمی اور افراط زرکی بڑھتی ہوئی شرح سے بھی نبردآزما ہے۔ جولائی میں افراط زرکی شرح 24 فی صد سے زیادہ رہی تھی۔