روس سے سائبر حملے: کئی امریکی ایئر پورٹس کی ویب سائٹس متاثر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

ایک سینئر امریکی عہدیدار نے انکشاف کیا کہ پیر کے روز بعض بڑے امریکی ایئرپورٹس کو سائبر حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔

اے بی سی نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ یہ حملے روس کے اندر سے ایک حملہ آور نے کئے ہیں۔

خوش قسمتی سے ایئرپورٹس کے جس سسٹم کو نشانہ بنایا گیا وہ ہوائی ٹریفک کنٹرول، ایئر لائنز کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن یا ٹرانسپورٹیشن سے وابستہ نہیں تھا۔ لہذا یہ سب امور احسن طور پر چلتے رہے۔

تاہم، ان حملوں کی وجہ سے مسافروں کی ایئرپورٹس کی ویب سائٹس تک رسائی رک گئی۔ جس سے ایئرپورٹس پر ہجوم بڑھ گیا اور مسافروں کو انتظار کی زیادہ مشقت برداشت کرنا پڑی۔

متاثر ہونے والے ہوائی اڈے

سب سے پہلے پیر کی صبح 3 بجے کے قریب ہوائی اڈوں سے سائبر اٹیکس کی اطلاعات موصول ہونا شروع ہوئیں۔ سائبر سکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی نے اطلاع دی کہ ’’ لاگارڈیا‘‘ ایئررپورٹ کے نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم سسٹم کو بحال کردیا گیا ہے۔

پیر کی صبح ڈیس موئنز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شکاگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ویب سائٹس بھی متاثر ہوگئیں۔ ہارٹس فیلڈ۔جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے صبح ساڑھے 10 بجے اطلاع دی کہ ویب سائٹ پر حملہ کیا گیا تھا اور اب وہ دوبارہ کام کر رہی ہے۔ مزید یہ کہ ایئرپورٹ پر جاری آپریشن متاثر نہیں ہوا۔

اے بی سی نے بتایا کہ پروگرامرز اور انجینئرز ان خامیوں کو ختم کرنے پر کام کررہے ہیں جن کے ذریعے ہیکرز ان ویب سائٹس کو ہیک کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

خیال رہے ان دنوں یوکرین جنگ کے باعث روس اور امریکہ میں کشیدگی بڑھ رہی ہے ۔ اس تناظر میں ایسے سائبر اٹیکس مزید اہمیت اختیار کر جاتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں