سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں، ترک صدر اور برادر عوام سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کے لیے فوری صحت یابی کی دعا کی۔
یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کی صبح 7.8 شدت کے زلزلے نے کئی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 2 ہزار 200 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق ولی شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب ترکی کی مدد کرے گا اور اس کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
ترکیہ کے صدر نے برادرانہ جذبات کے اظہار پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔
صدر رجب طیب ایردوآن نے اس مشکل گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کرنے پر مملکت کے لیے قدر و منزلت کا اظہار کیا۔