یو این میں حمایت کے لیے یوکرینی صدر کا پاکستانی ہم منصب کو فون
دونوں رہنماؤں نے توانائی اور غذائی تحفظ کے امور پر بھی بات چیت کی
یوکرین پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ووٹنگ سے قبل صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو فون کیا اور پاکستان سے اس قرارداد کے مسودے کے لیے حمایت مانگی جس میں ان کے ملک میں جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے توانائی اور غذائی تحفظ کے امور پر بھی بات چیت کی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس نیویارک میں ہوا جس میں اس قرارداد پر غور کیا گیا جس میں خطے میں پائیدار امن کا مطالبہ کیا گیا، قرار داد پر بیلاروس اور روس کے بعد یوکرین نے بحث کا آغاز کیا۔
یوکرین، امریکا اور دیگر بڑی عالمی طاقتیں اقوام متحدہ کے دیگر اراکین سے قرارداد کے لیے زیادہ حمایت کی امید کر رہی ہیں، بھارت کی طرح پاکستان نے بھی اب تک یوکرین پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ووٹنگ سے گریز کرتے ہوئے غیر جانب دار کردار ادا کیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 60 ممالک کی جانب سے اسپانسر کردہ قرارداد کے مسودہ میں اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یوکرین میں جلد از جلد، جامع، منصفانہ اور دیرپا امن تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
یہ قرارداد اقوام متحدہ کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور یوکرین کی علاقائی سالمیت کے عزم کی توثیق کرتی ہے اور اس میں لڑائی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد کا متن روس سے مطالبہ کرتا ہے کہ روس فوری اور غیر مشروط طور پر اپنی تمام فوج یوکرین کی سرزمین سے واپس بلا لے۔
دریں اثنا صدر مملکت کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کیا، دونوں صدور نے پاکستان اور یوکرین کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق پاکستان اور یوکرین کے صدور نے روس۔ یوکرین جنگ کے تناظر میں ترقی پذیر دنیا کو درپیش توانائی اور خوراک کے مسائل پر بھی گفتگو کی، دونوں ملکوں کے صدور نے پاکستان اور یوکرین کے باہمی فائدے کے لیے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
یوکرین کے صدر نے روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کےمسودے پر پاکستان کی حمایت کاکہا
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) February 22, 2023
روس- یوکرین جنگ پر پاکستان کوگہری تشویش ہے، صدر عارف علوی
پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، صدرمملکت
صدر دلادیمیر زیلنسکی نے اپنے دس نکاتی امن فارمولے کا حوالہ دیتے ہوئے یوکرین روس تنازع کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے پر پاکستان کی حمایت طلب کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ روس۔یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ِ پاکستان کی طرف سے مجوزہ قرارداد کے مندرجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، یوکرین کے صدر زیلنسکی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو یوکرین کے دورے کی دعوت بھی دی۔
یوکرین کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دلادیمیر زیلنسکی کا فون وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا کی اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ میونخ میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا جب کہ کیف نے باضابطہ طور پر اسلام آباد سے اپنے امن فارمولے کی حمایت کرنے کو کہا۔