سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سنٹر کے جنرل سپروائزر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ سوڈان کے لیے فضائی اور سمندری پل کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں۔ انھوں نے ’’العربیہ‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ "ہمیں امید ہے کہ کل فضائی پل کا آغاز ہو جائے گا لیکن ہم مقامی اور بین الاقوامی اداروں سے ضروری اجازت نامے حاصل کرنے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ امداد ضرورت مندوں تک پہنچ جائے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی وزارت خارجہ کے ذریعے تنازع کے دونوں فریقوں کے ساتھ رابطہ ہے تاکہ ضرورت مندوں کو امداد کی تیز ترین ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ الربیعہ نے کہا کہ خرطوم میں صحت کے شعبے کو سپورٹ کرنے کا منصوبہ بھی تیار ہے۔
شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر کے مطابق 15 ملین سوڈانی افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عطیہ دہندگان اور تاجروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سوڈانیوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
خیال رہے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان ریلیف سنٹر کو 100 ملین ڈالر کی مختلف انسانی امداد فراہم کرنے اور "ساھم" پلیٹ فارم کے ذریعے امداد کے حصول کی مقبول مہم چلانے کی ہدایت کی تھی۔