شرمناک صورتحال، بیجنگ ایئرپورٹ پر فٹبال سٹار میسی کو روک لیا گیا
سکیورٹی اہلکاروں نے 40 منٹ تک میسی کو آگے جانے نہ دیا، پاسپورٹ میں کچھ مسائل تھے: رپورٹ
ارجنٹائن کے سٹار لیونل میسی کو دوستانہ میچ میں شرکت کے لیے ہفتہ کو چین پہنچنے پر شرمناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ چین میں ارجنٹائن کا 15 جون کو آسٹریلیا کے خلاف میچ ہونا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ارجنٹائن کے مشہور کھلاڑی کو چین پہنچنے کے بعد بیجنگ ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔ ان کے ساتھ ان کے ساتھی روڈریگو ڈی پال بھی نجی طیارے میں سوار تھے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ میسی ایئرپورٹ پر سکیورٹی اہلکاروں کے ایک گروپ کے درمیان کھڑے ہیں۔ میسی کے ساتھ کھڑے روڈریگو نے ثالثی کرنے کی کوشش کی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بات چیت کی تاکہ ایئرپورٹ سے ہوٹل کی طرف نکلنے کے طریقہ کار کو تیز کیا جاسکے۔ لیکن روڈریگو کی کوشش بے سود ثابت ہوئیں اور چین کے سکیورٹی اہلکاروں نے میسی کو تقریبا 40 منٹ تک روکے رکھا اور اس دوران انہیں نکلنے کی اجازت نہیں دی۔
There’s was passport issue with Messi’s arrival to China causing delay but look at De Paul continuing to body guard Messi, we all need a friend like that, don’t we?
— FCB Albiceleste (@FCBAlbiceleste) June 10, 2023
Video🎥 Via @nextonemaybe
pic.twitter.com/XNN5ZyvhZd
پریس رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میسی کو روکنے کی وجہ پاسپورٹ کے کچھ مسائل تھے۔ پاسپورٹ کے ان مسائل کے باعث میسی کو ایئرپورٹ پر انتظار کی زحمت اٹھانا پڑی ہے۔
یاد رہے یہ میسی کا چین کا ساتواں دورہ ہے۔ ارجنٹائن اور آسٹریلیا کے درمیان آخری میچ قطر میں 2022 کے ورلڈ کپ کے 16ویں راؤنڈ میں ہوا تھا۔ اس میچ میں میسی نے گول کر کے اپنے ملک کو ایک کے مقابلے میں 2 گولوں کی فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔ آسٹریلیا کا سامنا کرنے کے بعد ارجنٹائنی سٹار 19 جون کو انڈونیشیا کے خلاف بھی میچ کھیلیں گے۔